مدرسہ عائشہ صدیقہؓ شہرصادق آباد کا ایک مؤقرعلمی ادراہ ہے ،جو خواتینِ اسلام کی دینی تعلیم وتربیت میں2005ء سے مصروفِ عمل ہے،اب تک100سے زائد طالبات اس ادارہ سے سند ِفراغ حاصل کرچکی ہیں ،اور بیسیوں فاضلات اپنے اپنے محلوں میں بچیوں اور مستورات کی دینی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں ،الحمدللہ علی ذلک ،تعلیم کیساتھ اسلامی تربیت پرخصوصی توجہ ادارہ کا امتیاز ہے،مدرسہ کا نصب العین خواتین کو تواضع و انکساری ،جذبہ خدمت و عبادت ، داعیانہ مزاج،احیاءِ دین کی محنت،سادہ طرزِ زندگی اوراخلاقِ حسنہ جیسے بلنداوصاف سے متصف کرناہے۔جس کے لیےسال بھراصلاحی وتربیتی موضوعات پر ترغیب کا سلسلہ جاری رہتا ہے ،نیزسال کے اختتام پرعمدہ اخلاقی کارکرگی پر ’’سال کی بہترین طالبہ‘‘کے انعام سے بھی نوازا جاتا ہے،طالبات کوامورِ خانہ داری یعنی کھانا پکانااورسلائی کڑائی وغیرہ کی بنیادی تربیت بھی مدرسہ میں دی جاتی ہے،طالبات کے لیے ایک الگ مستقل عمارت قائم ہے۔جہاں وہ چار گھنٹے پڑھتی ہیں اور اس کے بعد اپنے اپنے گھروں کو واپس چلی جاتی ہیں ۔
مدرسہ میں دوطرح کا نصاب رائج ہے،جو ملک کے اکابر و مشاہیر علماء کی مشاورت سےمرتب کیاگیاہے:
(۱)تین سالہ نصاب
(۲)ایک سالہ نصاب
تین سالہ نصاب تجوید، ترجمہ وتفسیر،حدیث ،فقہ اورصرف ونحوکی بنیادی و اہم کتب کی تدریس پرمشتمل ہے ۔
یہ نصاب شادی شدہ اورعمررسیدہ خواتین کے لیے تجویز کیاگیاہے ،جس کا دورانیہ ہفتہ میں چاریوم اور دن میں دوگھنٹے ہے،تاکہ بسہولت ضروری دینی تعلیم کاحصول ہرطبقے تک ممکن بنایا جاسکے،ایک سالہ نصاب میں تجوید،ترجمہ ، تفسیر ،اور بنیادی فقہی مسائل کاباقاعدہ سبق ہوتاہے ،اب تک بے شمارخواتین -جن میں ایک بڑی تعداد معمرخواتین کی ہے-اس مختصر کورس سے مستفید ہوچکی ہیں۔